سلام فتح

سلام فتح
(1971 کی جنگ میں کراچی کے شہداء کو خراج عقیدت)
سلامِ فتح! کراچی ترے جیالوں پر
رہیں گے یاد جو تیور دکھائے ہیں تم نے
جلال و جوش کے منظر دکھائے ہیں تم نے
عجب کمال کے جوہر دکھائے ہیں تم نے
سلامِ فتح ! کراچی ترے جیالوں پر
وفا کی تم وہ ادا ہو جو دل نواز ہو ئی
تمہاری حوصلہ مندی متاع ناز ہوئی
تمہاری شان فضاؤں میں سرفراز ہوئی
سلام فتح ! کراچی ترے جیالوں پر
یہ ارض پاک تمہیں زندگی سے پیاری ہے
اس کے واسطے ہر چیز تم نے واری ہے
تمہارے عشق کی فطرت ہی جاں نثاری ہے
سلام فتح ! کراچی ترے جیالوں پر
وفائیں نغمہ فشاں ہیں تمہاری گلیوں میں
جو ولولے ہیں، جواں ہیں تمہاری گلیوں میں
قدم قدم، دل و جاں ہیں تمہاری گلیوں میں
سلام فتح ! کراچی ترے جیالوں پر
جون ایلیا
Share:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *