دکھ دینے والی چیزیں

دکھ دینے والی چیزیں
دکھ دینے والی چیزیں کونسی ہوتی ہیں
دکھ دینے والی چیزیں وہی ہوتی ہیں جو خوشی کے لیے ترسا دیتی ہیں
دکھ دینے والی بارش ہوتی ہے جب یہ برستی نہیں
اور ہمارا غم آلود دل نم آلود نہیں ہو سکتا
خشک سا رہ جاتا ہے
تیز دھوپ میں چٹختی ہوئی زمین کی طرح
دکھ دینے والی رات ہوتی ہے
ہر رات
جب ہم اپنی تنہائی کے بلبلاتے ہوئے بستر پر تڑپ تڑپ کر
تمہیں اندر ہی اندر پکارتے ہیں
اور بس پکار ہی سکتے ہیں
دکھ دینے والے لوگ ہوتے ہیں
وہی لوگ جو تعداد میں بہت زیادہ ہیں
اور ہر جگہ موجود ہیں
ہمارے اپنے لوگوں کے اندر بھی
کبھی بہت چھپے ہوتے ہیں اور کبھی بہت ظاہر
دکھ دینے والے نصیب ہوتے ہیں
تا کہ ہمیں سکھ یاد آتے رہیں
اور بس یاد ہی آتے رہیں
دکھ دینے والی اور بھی بہت سی چیزیں ہوتی ہیں
جو ہمارے قریب اور بہت قریب رہتی ہیں
دکھ دینے والے تم بھی ہوتے ہو
تم بھی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فرحت عباس شاہ
Share:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *