کیا سمجھتی ہے رات

غزل
کیا سمجھتی ہے رات سورج کو
کیا بتائیں یہ بات سورج کو
اتنی گرمی ہے دیکھیے کس میں
کون دیتا ہے مات سورج کو
جانے کس روز ملنے والی ہے
شعلگی سے نجات سورج کو
آخری سانس تک لٹانی ہے
روشنی شش جہات سورج کو
ہم کو حاصل حواس کی دنیا
دھوپ کی کائنات سورج کو
کیسے حاصل ہو دو گھڑی آرام
کب میسر ہے رات سورج کو
فائدہ کچھ نہیں بتا کر بھی
رات کے حادثات سورج کو
ساری کرنیں وہی لپیٹے گا
جس نے بخشی حیات سورج کو
فیض پہنچا سکے گا کیا راغبؔ
چاند کا التفات سورج کو
جولائی ۲۰۱۲ءغیر طرحی
شاعر: افتخار راغبؔ
کتاب: غزل درخت
Share:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *