اچھا لگتا ہے تم کو

غزل
اچھا لگتا ہے تم کو اگر کھیلنا میرے جذبات سے
کچھ نہ بولوں گا میں عمر بھر کھیلنا میرے جذبات سے
نام آئے مرا جب کہیں، مُسکرانا مری نازنیں
مسکرا کر مرے نام پر کھیلنا میرے جذبات سے
تیرے غم سے بہلتا ہے جی، کیسے نکلے بھلا اُف کبھی
ٹیس ہے جان لیوا مگر کھیلنا میرے جذبات سے
وہ مسرّت نہ مل پائے گی، تھوڑی تکلیف میں ہوں ابھی
ہنستا گاتا جب آؤں نظر کھیلنا میرے جذبات سے
آرہا ہے مجھے بھی مزہ، خوب ہے یہ ترا مشغلہ
مجھ کو تکلیف میں دیکھ کر کھیلنا میرے جذبات سے
قلبِ راغبؔ کو مرغوب ہے، ہر گھڑی اور مطلوب ہے
بے خطر اے مرے بے خبر کھیلنا میرے جذبات سے
شاعر: افتخار راغبؔ
کتاب: یعنی تُو
Share:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *