وہ اگر بات ماننے لگ جائیں

وہ اگر بات ماننے لگ جائیں
اُن کے بھی سارے غم مجھے لگ جائیں
آپ آئیں تو یہ بھی ممکن ہے
رنگ خوشبو بکھیرنے لگ جائیں
کیا بنے گا پھر اس تعلق کا
آپ گر جھوٹ بولنے لگ جائیں
اپنے بارے میں سوچتے ہوئے ہم
تیرے بارے میں سوچنے لگ جائیں
ہم جسے دیکھ لیں فقط اک بار
سب کے سب اُس کو دیکھنے لگ جائیں
درمیاں کی ہوا مخالف ہے
جی تو کرتا ہے اب گلے لگ جائیں
یوں برستی ہیں اب مری آنکھیں
جیسے ساون کے عارضے لگ جائیں
ان کے ہونٹوں کی بات اک جانب
ان کی آنکھیں بھی بولنے لگ جائیں
یوں بھی ہو کاش دیکھ کر مجھ کو
لوگ بس اُس کو پوچھنے لگ جائیں
انتظاری ہے گر ربابؔ تو ہے
اب زمانے کئی بھلے لگ جائیں
فوزیہ ربابؔ
Share:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *