خوش طرح مکاں دل کے ڈھانے میں شتابی کی

خوش طرح مکاں دل کے ڈھانے میں شتابی کی
اس عشق و محبت نے کیا خانہ خرابی کی
سسکے ہے دل ایدھرکو بہتا ہے جگر اودھر
چھاتی ہوئی ہے میری دکان کبابی کی
وہ نرگس مستانہ باتیں کرے ہے درہم
تم دیکھو نہ کچھ بولو کیا بات شرابی کی
بے سدھ ہوئے ہم آئی اک بو جو گلستاں سے
پر زور تھی مے کتنی غنچوں کی گلابی کی
رونے سے دل شب کے تر میرؔ کے کپڑے ہیں
پر قدر نہیں اس کو اس جامۂ آبی کی
Share:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *