خامشی کے بحر میں اُچھلن نہ کوئی کود ہے

خامشی کے بحر میں اُچھلن نہ کوئی کود ہے
سوچ پہ سایہ ذہن پہ گرد جیسا دود ہے
ذہن میں ایسے طلاطم فکر میں ایسے ملال
کہ گئے لاکھوں فسانے مدعا مفقود ہے
شوق ہے سجدہ گری تو سیکھ راز بندگی
ماننے والے کو کافی ایک ہی معبود ہے
آ جگا لیں ولولہ و حوصلہ ء ابراہیم
جس طرف بھی دیکھتا ہوں شورشِ نمرود ہے
عشق میں گرمی رہی نہ حسن کی جادوگری
زلف میں ایاز اُلجھا پیچ و خم محمود ہے
عارضی سے ہو چلے ہیں نقشہائے رنگ رنگ
بیکلی کا دور دورہ ہست ہے نہ بود ہے
ایک ہے منبع سبھی کا ایک سا سب کا خروج
جسطرح شاہد شہود و شاہد و مشہود ہے
ڈاکٹر محمد افضل شاہد
Share:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *