ضبط کرتا نہیں کنارہ ہنوز

ضبط کرتا نہیں کنارہ ہنوز
ہے گریبان پارہ پارہ ہنوز
آتش دل نہیں بجھی شاید
قطرۂ اشک ہے شرارہ ہنوز
خاک میں ہے وہ طفل اشک اس بن
چشم ہے جس کا گاہوارہ ہنوز
اشک جھمکا ہے جب نہ نکلا تھا
چرخ پر صبح کا ستارہ ہنوز
ایک بار آ کے پھر نہیں آیا
عمر کی طرح وہ دوبارہ ہنوز
لب پہ آئی ہے جان کب کی ہے
اس کی موقوف یک اشارہ ہنوز
کب کی توبہ کی میرؔ نے لیکن
ہے بتر از شراب خوارہ ہنوز
عمر گذری دوائیں کرتے میرؔ
درد دل کا ہوا نہ چارہ ہنوز
Share:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *