اے محبت، اے مری راہِ حیات

اے محبت، اے مری راہِ حیات
کھینچ لو واپس مجھے
ان بے حس و پتھر قبیلہ راستوں سے کھینچ لو
اب مرے کانوں میں میرے پیٹ کی بڑھتی ہوئی چیخ و پکار
گونجتی ہے جان لیوا کرب سے
اور ہوس کا شور و غوغا پھیلتا جاتا ہے میرے چار سُو
شہر کے پکے مکانوں کی طرح سوچ بنتی جارہی ہے بے مروت، بے زباں، بے آسماں
اور آہنی لمحات بوجھل کر رہے ہیں نرم خُو احساس کو
اور ارادے ریت بنتے جا رہے ہیں
ریت بے کردار، بے چہرہ، بے دل
ریت نقشِ رائیگاں
موسموں اور بارشوں کی دستکیں
ہو رہی ہیں بے صدا، بے آسرا
اور ہوتا جا رہا ہے زردیوں کا رنگ تیز اک بے سروپا وحشیانہ پن کے ساتھ
اے مری آوارگی اے سرد رات
اے مری بے رنگ ہوتی جاتی ذات
ہو کسی بھی طور اس دکھ سے نجات
جس طرح سے بھی ہو ممکن کھینچ لو
کھینچ لو واپس مجھے ان راستوں سے کھینچ لو
اے محبت اے مری راہِ حیات
اے محبت اے مری راہِ حیات
فرحت عباس شاہ
Share:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *