مرے بارے میں کچھ سوچا؟

مرے بارے میں کچھ سوچا؟ بتا ناں!
ترا کیوں زرد ہے چہرہ؟ بتا ناں!
ہوا سنتی ہے مجھ کو احتراماً
تُو میری کیوں نہیں سنتا؟ بتا ناں!
تماشا بن گیا ہوں تیری خاطر
ترا دل کیوں نہیں بہلا؟ بتا ناں!
بتا ناں! لوگ کیا سچ کہہ رہے ہیں؟
تُو کل میرے لیے رویا؟ بتا ناں!
شب ہجراں کا ماتم ٹل چکا ہے؟
میں تنہا کب تلک تڑپا؟ بتا ناں!
مرے اپنے! مجھے پھر آج تُو نے
بتا ناں! غیر ہی سمجھا؟ بتا ناں!
جو میں سمجھا وہی تھا دل میں تیرے؟
یا میں کچھ اور ہی سمجھا؟ بتا ناں!
تجھے حیران ہو کر آئینے نے
مرے بارے میں کیا پوچھا؟ بتا ناں!
بتا، کرتا ہے کوئی بین ایسا؟
ترے اس زین سے اچھا؟ بتا ناں!
زین شکیل
Share:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *