بیکسانہ جی گرفتاری سے شیون میں رہا

بیکسانہ جی گرفتاری سے شیون میں رہا
اک دل غمخوار رکھتے تھے سو گلشن میں رہا
پنجۂ گل کی طرح دیوانگی میں ہاتھ کو
گر نکالا میں گریباں سے تو دامن میں رہا
شمع ساں جلتے رہے لیکن نہ توڑا یار سے
رشتۂ الفت تمامی عمر گردن میں رہا
ڈر سے اس شمشیر زن کے جوہر آئینہ ساں
سر سے لے کر پاؤں تک میں غرق آہن میں رہا
ہم نہ کہتے تھے کہ مت دیر و حرم کی راہ چل
اب یہ دعویٰ حشر تک شیخ و برہمن میں رہا
در پئے دل ہی رہے اس چہرے کے خال سیاہ
ڈر ہمیں ان چوٹٹوں کا روز روشن میں رہا
آہ کس انداز سے گذرا بیاباں سے کہ میرؔ
جی ہر اک نخچیر کا اس صید افگن میں رہا
Share:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *